فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے نام پر غریبوں کو ہراساں و پریشان کرنے کی کوشش

تلنگانہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام : محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے ٹی آر ایس حکومت پر فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے نام پر غریب عوام کو ہراساں و پریشان کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کے بجائے اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے نام سے عوام میں الجھن پیدا کررہے ہیں ۔ حکومت عمر رسیدہ افراد ، بیواؤں اور معذورین کے وظیفوں کو منسوخ کرنے کی سازش کے تحت فوڈ سیکوریٹی کارڈ کا بہانا کررہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ حکومت کے پاس پہلے سے تمام ( ڈاٹا ) معلومات ہے اس کا بہتر طور پر استعمال کرنے کے بجائے فوڈ سیکوریٹی کارڈ کا سہارا لے رہی ہے ۔ حکومت پہلے ہی جامع سروے کے نام پر ایک دن تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام میں ڈر و خوف پیدا کرچکی ہے ۔ عوام نے کام کاج چھوڑ کر سروے میں حصہ لیا یہاں تک کے روزگار کے لیے ملک و بیرون ممالک میں مقیم رہنے والے عوام نے بھی اپنی مصروفیات اور اخراجات کو برداشت کرتے ہوئے سروے میں حصہ لیا ۔ باوجود اس کے حکومت تلنگانہ کے 20 فیصد عوام کا سروے کرنے میں ابھی ناکام ہے ۔ ابھی یہ عمل پورا نہیں ہوا وظیفوں کے لیے حکومت فوڈ سیکوریٹی اسکیم کے نام پر دوبارہ عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے وظیفوں کو فوڈ سیکوریٹی کارڈس سے جوڑنے کی سخت مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لاکھوں افراد کو ابھی تک آدھار کارڈس نہیں ملے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 3.11 کروڑ عوام نے سروے میں حصہ لیا ۔ تاہم عوام کے پاس 2.43 آدھار کارڈس ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ستمبر 2013 کو احکامات جاری کرتے ہوئے ادھار کارڈ کو غیر ضروری قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشنری پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کوئی گرفت نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کام ہورہا ہے ۔ آدھار کارڈس کا بہت زیادہ ڈیمانڈ بھی زیراکس سنٹرس بھی من مانی کررہے ہیں ۔ 20 تا 25 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں ۔ عوام کی جانب سے تحصیل آفسوں میں بڑے پیمانے پر درخواستیں جمع ہورہی ہے ۔ عوام میں ایک قسم کی الجھن پائی جاتی ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ ایک 80 سالہ خاتون نے انہیں بتایا کہ ان کے شوہر کا 30 سال قبل انتقال ہوگیا ۔ وہ نئے نئے قوانین سے پریشان ہیں انہیں کون ان کے شوہر کا ڈیتھ سرٹیفیکٹ نکال کر دیگا ۔ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے بجائے دشواریاں پیدا کررہی ہے ۔۔