تل ابیب ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں تیار کیا گیا ’’سٹی ٹرانسفارمر‘‘ دراصل ایک برقی سے چلنے والی اسمارٹ کار ہے جس کے پہیے ایک ایسے بٹن سے جڑے ہوئے ہیں جنہیں دبانے پر کار کو موٹر سائیکلوں کے لئے مختص پارکنگ میں بھی کھڑا کیا جاسکتا ہے کیونکہ بٹن دبانے سے کار سکڑ کر چھوٹی ہوجاتی ہے۔ سی ای او آصف فرموزا اور چیف انوویشن آفیسر اڈی میریڈور نے بتایا کہ سٹی ٹرانسفارمر کانسپٹ کار کو گذشتہ ماہ پیٹاٹکوا میںجوڑا (اسمبل) گیا تھا۔ فرموزا کے پاس بین گورین یونیورسٹی کی میکانیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بڑی بڑی موٹر کمپنیوں جیسے یاماہا اور الٹیر سے شراکت داری ہے۔ الٹیر فیراری کار کے لئے اہم پرزے تیار کرنے میں ماہر ہے جبکہ راسینی جو میکسیکو کی ایک سسپنشن کمپنی ہے جو مرسڈیز جیسی بہترین گاڑیاں بنانے میں اپنی مہارت کا استعمال کرتی ہے۔ کار کے پہئے سکڑ جانے کے بعد دو نشستی ٹرانسفارمر 1.48 میٹر تک ہوجاتے ہیں اور چوڑائی میں صرف ایک میٹر جبکہ اونچائی 2.35 میٹر ہوکر کسی بھی پارکنگ لاٹ میں موٹر سائیکل پارک کرنے کی اونچائی تک پہنچ جاتی ہے۔ میریڈور نے کہا کہ ایک ریگولر کار میں 3000 کل پرزے ہوتے ہیں جبکہ سٹی ٹرانسفارمر میں 1000 کل پرزے ہیں اور 100 کیلو میٹر تک سفر کرنے کیلئے صرف ایک یورو ہی خرچ کرنا پڑتا ہے۔ سٹی ٹرانسفارمر کانسپٹ کو پانچویں سالانہ بین الاقوامی فیول چوائزس اینڈ اسمارٹ موبیلیٹی سمیٹ میں متعارف کروایا گیا۔