بریلی (یوپی) 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی وی آر آئی) کی 3 کشمیری طالبات جنھوں نے سوشل میڈیا پر ہندوستانی فوج کے خلاف منفی ریمارکس کئے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے۔ سینئر عہدیدار نے کہاکہ 14 فروری کو پلوامہ میں فوج پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد مذکورہ تعلیمی ادارے کی اِن لڑکیوں نے واٹس ایپ گروپ میں فوج کے خلاف منفی ریمارکس کئے ہیں جبکہ اِس گروپ میں ادارے کی دیگر طالبات بھی ہیں جنھوں نے حکام کو اِس کی اطلاع دی۔ اطلاع ملنے کے بعد انسٹی ٹیوٹ نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تین کشمیری لڑکیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کے بعد مقامی انٹلی جنس رپورٹ کے بعد اِن لڑکیوں کا نہ صرف داخلہ روک دیا گیا ہے بلکہ ایک لڑکی کا داخلہ منسوخ بھی کردیا گیا ہے۔ آئی وی آر آئی کے راکیش کمار نے کہاکہ اِن تین طالبات میں دو لڑکیوں کو فیلوشپ مل رہی تھی جو اب روک دی گئی ہے اور انھیں انتباہ دیا گیا ہے کہ وہ اِس طرح کی دیگر مصروفیات میں شامل نہ ہوں۔