الماٹی (قازقستان) ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی قازقستان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں سوار تمام 13 فوجی ہلاک ہوگئے۔ وزارت دفاع کی اطلاع کے مطابق روسی ساختہ Mi-8 فوجی ہیلی کاپٹر اس وقت حادثہ کا شکار ہوا جب اس پر سوار 13 فوجی اپنی ڈیوٹی پر تھے اور معمول کی پرواز کررہے تھے۔ اس موقع پر قازقستان کے نئے صدر قاسم جومارت نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دینے کے بارے میں بتایا۔ سابق سوویت یونین کے زمانے میں مذکورہ Mi-8 فوجی ہیلی کاپٹر کو 1960ء کے دہے میں تیار کیا گیا تھا جس کا استعمال دوردراز کے علاقوں میں مسافرین اور رسد کو پہنچانے کیلئے کیا جاتا ہے۔ گذشتہ سال اگست میں اسی نوعیت کے سائبریا میں رونما ہوئے حادثہ میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔