فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار، تین ہلاک

بریلی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فوج کا چیتا ہیلی کاپٹر کنیٹ علاقہ میں واقع ایربیس سے اُڑان کے فوری بعد حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں دو پائلٹس اور ایک انجینئر ہلاک ہوگئے۔ لکھنؤ میں پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حادثہ آج صبح پیش آیا جب اُڑان بھرتے ہی چیتا ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا کیونکہ اُس میں کچھ تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ پائلٹس یجر ابھیجیت تھاپا (29) ، کیپٹن اویناش (26) اور فلائٹ انجینئر میجر وکاس بریانی (29) شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے جنھیں فوری طور پر آرمی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر اپنی معمول کی اُڑان پر تھا۔ عینی شاہدین نے بھی بتایا کہ ہیلی کاپٹر اُڑان بھرتے ہی شعلہ پوش ہوگیا تھا۔

ممبئی میں موسم کی آخری شدید بارش
ممبئی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں یوں تو اکٹوبر کے آغاز سے ہی موسم باراں اختتام پذیر ہوجاتا ہے لیکن 29 اور 30 ستمبر کو یہاں جس گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اُس نے ایک بار پھر یہاں کی سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ شدید بارش کا آخری دور تھا اور اس کے بعد مزید بارش کے امکانات نہیں ہیں۔ سانتا کروز اور قلابہ میں واقع محکمہ موسمیات کے دفاتر نے بھی حالانکہ ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔