ادارۂ سیاست کی جانب سے خطاطی کی نمائش کا افتتاح ، قرآنی آیات کے دیدۂ زیب طغروں کی ستائش
حیدرآباد ۔19 ۔ جون (سیاست نیوز) فن خطاطی فنون اسلامی میں سے ایک فن ہے اور اس فن کی تربیت، ترویج و اشاعت بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ فضیلت الشیخ محمد احمد حسین مفتی اعظم فلسطین و خطیب مسجد اقصیٰ نے آج ادارہ سیاست کی جانب سے منعقدہ خطاطی کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر یہ بات کہی۔ انہوں نے فنون اسلامیہ کی ترویج و اشاعت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے انتہا عمدہ کاریگری کے ذریعہ آیات قرآنی و اسمائے حسنیٰ وغیرہ کے جو طغرے بنائے گئے ہیں وہ نہ صرف دیدہ زیب ہے بلکہ ان طغروں میں جس نفاست سے فن کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہ قابل قدر بھی ہے۔ اس موقع پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، جناب علی شعبان صادق سفیر فلسطین متعینہ ہند، جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر انچیف روزنامہ رہنمائے دکن، جناب عبداللہ عبداللہ رکن پارلیمنٹ فلسطین، جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ڈاکٹر اکبر علی خان ، مولانا سید طارق قادری کے علاوہ جناب تقی الدین شجیع موجود تھے۔
اس موقع پر خطاطی کے علاوہ چوبی کاریگری کے فنکاروں میں فضیلت الشیخ حضرت محمد احمد حسین کو فن خطاطی کے رموز سے واقف کروایا ۔ اس موقع پر فنکاروں جناب نعیم صابری ، جناب محمد عبداللطیف فاروقی، جناب وقارالدین ناصر کے علاوہ جناب فہیم صابری نے خطاطی کے نمونوں کی تفصیل سے واقف کروایا۔ مفتی اعظم فلسطین نے اس موقع پر سورہ رحمن کی آیت پر مبنی تصاویر کی خوب سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان آیات کو بہت خوبصورت انداز میں پیش کرنے کی بے مثال کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر اسمائے حسنیٰ کے علاوہ اسمائے محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کا مشاہدہ کرتے ہوئے بے انتہا مسرت کا اظہار کیا ۔ فضیلت الشیخ حضرت علامہ محمد احمد حسین نے ہند۔فلسطین تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی امور پر دونوں ممالک کے درمیان اشتراک موجود ہے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ و فلسطین کے متعلق حیدرآبادی مسلمانوں کی فکرمندی پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآبادی عوام کا ہمیشہ سے فلسطین و مسجد اقصیٰ کے تعلق سے جو نظریہ رہا ہے وہ قابل قدر ہے۔ انہوں نے خطاطی کی نمائش کے مشاہدہ کے بعد ادارہ سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی فلاحی سرگرمیوں کے متعلق آگاہی حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی تعلیمی و فلاحی سرگرمیاں گراں قدر ہے اور انہیں ان خدمات کو دیکھتے ہوئے بے انتہا مسرت ہوئی ہے ۔
مفتی اعظم فلسطین نے ادارہ سیاست کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ادارہ کے حق میں دعاء کی اور توقع ظاہر کی کہ یہ سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ جناب علی شعبان صادق سفیر فلسطین متعینہ ہند نے اس موقع پر کہا کہ وہ اس باکمال فن کو نہ صرف ہندوستان میں فروغ دینے کے متمنی ہیں بلکہ وہ فن خطاطی کے ماہرین کو ارض فلسطین لیجانا چاہتے ہیں تاکہ اس فن کو عالمی سطح پر فروغ دیا جاسکے۔ خطاطی کی نمائش میں نہ صرف چوبی کاریگری کے فن پارے موجود ہیں بلکہ خطاطی کے منفرد نمونوں کے علاوہ مختلف ادوار میں طرز تحریر کے نمونے موجود ہیں۔ خطاطی کی نمائش کا مشاہدہ کرنے کے بعد جناب عبداللہ عبداللہ رکن پارلیمنٹ فلسطین نے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فن خطاطی کو جس طرح سے سر زمین دکن پر فروغ حاصل ہورہا ہے، وہ قابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے ذمہ داران سیاست کے علاوہ ان فنون کے ماہرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ اس فن کے فروغ کیلئے نئی نسل کو بھی تیار کریں۔ ادارہ سیاست کی جانب سے محبوب حسین جگر ہال میں رکھی گئی اس خطاطی کی نمائش میں مختلف طریقوں سے تحریر کردہ رب کائنات کے اسمائے گرامی کے علاوہ سورہ رحمن کی آیتوں کو تصاویر کی شکل میں پیش کرتے ہوئے تیار کی گئی پینٹنگس شامل ہیں۔ نمائش میں جناب وقارالدین ناصر کی تیار کردہ چوبی کاریگری کے بہترین نمونے بھی موجود ہیں جس میں انہوں نے مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے علاوہ مقام ابراہیم و دیگر مقام مقدسہ تیار کئے ہیں۔ اس افتتاحی تقریب میں جناب شجاعت علی آئی آئی ایس، جناب عثمان بن محمد الہاجری ، جناب قدوس غوری ایڈوکیٹ ، جناب شجاع قادری ، جناب فراست علی باقری اور دیگر موجود تھے۔