فلک نما ریتو بازار میں دو کیلو پیاز کا ایک دن کے رعایتی کاونٹر کا افتتاح

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب ، صارفین پیاز کو قطار میں ٹھہرنے کے بعد مایوسی
حیدرآباد۔5 اگست (سیاست نیوز) فلک نما رعیتو بازار میں آج حکومت تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے رعایتی قیمت پر پیاز کی سربراہی عمل میں آئی اس موقع پر صارفین کی طویل قطاروں میں مردوخواتین ‘ ضعیف افراد شامل تھے۔حالیہ دنوں میںپیاز کی آسمان چھونے والی قیمت کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے عوام کو کسی قدر راحت پہنچانے کااعلان کیا تھا۔ حکومت تلنگانہ کے منصوبے کے مطابق رعیتو بازار فلک نما میںڈپٹی چیف منسٹر محمد محمو دعلی نے 20روپئے فی کیلو رعایتی قیمت پر پیاز کی سربراہی کے لئے ایک روزہ کاونٹرکاافتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر فلک نما رعیتو بازار کے علاوہ کلکٹر حیدرآباد کا عملہ بھی مو جود تھا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کاونٹر کے افتتاح کے بعدصارفین کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک گیر سطح پر ان دنوں پیاز کی سنگین قلت کا مسئلہ درپیش ہے او رقیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں اور حکومت تلنگانہ پیاز رعایتی قیمت پر فراہم کرتے ہوئے عوام کوراحت پہنچانے کاکام کررہی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ مہینے میںدو مرتبہ فی خاندان دوکیلو پیاز بیس روپئے فی کیلو کے حساب سے جملہ چار کیلو پیاز دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔جناب محمود علی نے اپنے سلسلے خطاب کوجاری رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا اور کہاکہ حکومت حتی الامکان کوشش کررہی ہے کہ عوام کے حق میںبہتر فیصلے اور اُن کی بہبود کے اقدامات کئے جائیں ۔ مختلف اسکیمات کابھی ا س موقع پر انہوں نے ذکر کیا۔اس دوران اسٹیٹ آفیسر فلک نما رعیتو بازار نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہاتھوں رعایتی قیمت پر پیاز کے سربراہی والے کاونٹرپر صارفین اپنا شناختی کارڈ جیسے آدھار‘ راشن یا پھر الیکشن آئی ڈی کارڈ لاکر بیس روپئے فی کیلو کے حساب سے دو کیلو پیاز حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آج ایک روزہ کاونٹر سے سینکڑوں کی تعداد میںصارفین نے استفادہ کیا جبکہ پانچ سو کیلو کے قریب صارفین میں پیاز کی سپلائی عمل میںلائی گئی۔پیاز کی تقسیم کے دوران ہجوم امڈ پڑا لیکن انہیں صرف دوکیلو پیاز کی اجرائی پر مایوس ہوئی اور وہ ناراضگی کا اظہا ر کررہے تھے۔رعیتو بازار فلک نما کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت کے اعلان کے ساتھ آج صبح سے صارفین کی کثیر تعداد قطار میںٹھر گئی جن میں مرد وخواتین ‘ ضعیف‘ بچے اور بوڑھے لوگ شامل تھے۔مہنگائی سے پریشان حال بے آسرا چلچلاتی دھوپ میںاپنی باری کاانتظار کررہے تھے۔ صارفین کو نہ تو پانی میسر تھا اور نہ ہی بیٹھنے کا کوئی انتظام صارفین نے حکومت کی جانب سے دوکیلو پیاز کی سربراہی پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔کیونکہ دور دراز مقامات سے لوگ سواریوں کے ذریعہ یہاں پہنچے تو انہیں صرف دوکیلو پیاز کی سربراہی پر ان کی دل شکنی ہوئی ہے۔ صارفین نے حکومت سے سفارش کی کہ وہ کم از کم پانچ کیلو پیاز کی سربراہی کریںبصورت دیگر حکومت لاکھ کوششیں کرلے عوام کو کوئی راحت نہیں پہنچے گی۔صارفین نے صرف ایک دن کا کاونٹر قائم کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس دوران فلک نما رعیتو بازار میں رعایتی قیمت پر پیاز کی سربراہی کی اطلاع کے ساتھ ہی رعیتوبازار کے اطراف واکناف کی سڑکوں کے کنارے بھی مختلف اقسام اور وضع کی پیاز 18تا45روپئے فی کیلو فروخت کی جارہی ہے۔