حیدرآباد یکم اگست ( سیاست نیوز)فلک نما بس ڈپو سے وابستہ آر ٹی سی عملہ نے آج تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ ڈرائیورس اور کنڈاکٹرس پر مشتمل عملہ نے اپنی خدمات کو بھی روک دیا جس کے سبب پرانے شہر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں آر ٹی سی کی خدمات متاثر رہی ۔ فلک نما بس ڈپو کے ڈرائیورس اور کنڈاکٹرس سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے دیگر عملہ بھی ان کی تائید پر اتر آیا اور اعلی عہدیداروں کی درخوست کو مسترد کردیا ۔ احتجاجی ڈرائیور و کنڈکٹرس کیلئے تحفظ کا مطالبہ کررہے تھے چونکہ شہر میں آئے دن پیش آرہے حادثات کے سبب ان کی روزی رٹی کے علاوہ جان کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔بعدازاں دیگر ڈپوز کی بسوں کے ذریعہ خدمات کو بحال کیا گیا ۔ اس احتجاج کے سبب علاقہ میں کچھ دیر کئے سنسنی پھیل گئی تھی یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ آر ٹی سی کی بسوں کو چلانے والے ڈرائیورس اور کنڈاکٹرس میں اکثریت عارضی ملازمین کی ہے نہ ہی ان ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کی جاتی ہے اور نہ ہی انہیں مستقل کیا جاتا ہے اور نہ ہی حکومت انہیں شہر میں بس چلانے کی کی تربیت فراہم کرتی ہے ان عارضی ملازمین میں اکثریت غیر تجربہ کار عملہ کی ہے ۔ ایک طرف غیر تجربہ کاری اور دوسری طرف سرکاری لاپرواہی کا نتیجہ معصوم شہریوں کو اپنے جان گنوا کر ادا کرنا پڑرہا ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ تجربہ کار عملہ کو مقرر کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔