منیلا ۔28جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کو مطلوب انتہا پسند گروپ داعش کا ایک اہم کمانڈر فلپائن میں کی گئی ایک فضائی کارروائی میں زخمی ہو گیا ہے۔ حکومت نے آج بتایا ہے کہ ’’انتہائی مطلوب دہشت گرد‘‘ ابو عبداللہ الفلپنی چہارشنبہ کو منیلا کے جنوب میں واقع بوتیگ میں کی گئی ایک کارروائی میں شدید زخمی ہوا۔ پچاس سالہ یہ مشتبہ انتہا پسند سن دو ہزار ایک میں تین امریکیوں کو اغوا کرنے میں ملوث تھا، جس پر واشنگٹن نے اس پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے اس کے سر کی قیمت پانچ ملین ڈالر رکھ دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ فلپائن کے سکیورٹی دستے اس زخمی ’دہشت گرد‘ کی تلاش میں ہیں۔
ہندوستانی نژاد جادوگر پر دھوکہ دہی کا الزام
سنگاپور ۔28جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور میں ایک ہندوستانی نژاد جادوگر پر الزام ہے کہ انھوں نے مختلف افراد کو دھوکہ دہی کے ذریعہ 7.6 لاکھ امریکی ڈالرس کا چونا لگایا ۔ 35 سالہ ایس چندرن پر کل الزامات وضع کئے گئے جو دراصل 49 شکایت کنندوں کی شکایتوں کی بنیاد پر کئے گئے ۔ چندرن جو کنسلٹینسی فرم پیراڈائز کنسلٹنسی کا مالک ہے کو 2 لاکھ ڈالرس کی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے تاہم عدالت میں دھوکہ دہی معاملہ کی سماعت 3 فبروری سے ہوگی ۔ چندرن نے امریکہ سے میجک اسٹیڈیز میں ڈاکٹر یٹ کی ڈگری بھی حاصل کی ہے ۔