تکلوبان (فلپائن)۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فلپائن میں سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام زور و شور سے جاری ہے اور امریکی وزارت دفاع ’پنٹگان‘ اس کام کو مزید تیز کرنے کیلئے اپنا ایک طیارہ بردار بحری جہاز بھی بھیج رہا ہے۔ فلپائن میں ’ٹائفون ہیان ‘ کو آئے چار روز گزر چکے ہیں لیکن بعض دور دراز علاقوں میں متاثرین تک منگل کو بھی امداد نہیں پہنچ سکی ہے۔ امریکہ نے پیر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد طوفان سے متاثرہ افراد کیلئے دو کروڑ ڈالر امداد کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ جب کہ امدادی کاموں میں تیزی کیلئے امریکہ یو ایس ایس جارج واشنگٹن نامی جہاز بھی بھیج رہا ہے جس پر بحریہ کے 5,000 عہدہ دار اور 80 سے زائد طیارے اور ہیلی کاپٹر موجود ہیں۔ امریکی افواج کے کم از کم 200 عہدیدار پہلے ہی زندہ بچ جانے والے متاثرین کی تلاش کے عمل میں مدد کیلئے گزشتہ ہفتہ کے روز ہی تعینات کر دیئے گئے تھے۔ فلپائن کے صدر بینگنو آکینو نے خطے بھر میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ’ہیان‘ نامی سمندری طوفان کے باعث ایک کروڑ افراد متاثر ہوئے جب کہ لگ بھگ چھ لاکھ 60 ہزار افراد بے گھر ہوئے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی کے اعلیٰ عہدیدار جان جینگ نے صحافیوں سے گفتگو میں ’ہیان‘ کو اس صدی کا بڑا طوفان قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس سے ہونے والی تباہ کاری کو پیش نظر رکھتے ہوئے عالمی تنظیم کی طرف سے بھی وسیع پیمانے پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ’’بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر ہمارا بنیادی کام سب سے پہلے خوراک، پناہ گاہیں اور طبی امداد فراہم کرنا ہے‘‘۔ اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیدار نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مختلف بیماریوں سے اموات میں اضافہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوششیں کی جاری ہیں کہ ان لوگوں تک رسائی حاصل کی جائے جو مواصلاتی رابطوں کے منقطع ہونے کی وجہ سے اپنے علاقوں میں محصور ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تباہ کن سمندری طوفان کے باعث مہلوکین کی تعداد 10,000 یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
چین میں طوفان ،8 ہلاک
بیجنگ ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان ہیان نے چین کے بھی کئی علاقوں میں تباہی مچائی ہے جیسا کہ اس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے اور زائد از ایک ہزار اسٹوڈنٹس سیلابی پانی میں پھنس گئے ہیں۔ چین کے جنوب سے ٹکرانے والے اس طوفان نے 8افراد کی جان لے لی۔ جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید بارش کے باعث تقریباً 12 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ہند ، آسٹریلیا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کا معاہدہ
ملبورن ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اور آسٹریلیائی تجارتی اداروں نے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں تاکہ ہندوستانی برادری کو ہندوستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مختلف مواقع سے واقف کرواسکے ۔ آسٹریلیا ۔ انڈیا بزنس کونسل نے اوورسیز انڈین فیسی لٹیشن سنٹر کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جو دونوں فریقوں کے درمیان فہم و ادراک بڑھائے گی ۔ اس معاہدہ کے ذریعہ آسٹریلیا میں مقیم ہندوستانی برادری کو ہندوستان میں موجود مختلف معاشی مواقع سے وابستہ ہونے کی ترغیب دی جائے گی ۔