نئی دہلی۔/9جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) فلمی اداکار فرحان اختر نے فلم ’ وزیر ‘‘ میں اے ٹی ایس آفیسر دانش علی کا رول ادا کرنے کیلئے سخت تربیت حاصل کی ہے۔ پردہ سیمیں پر وہ امیتابھ بچن کے ساتھ نظر آئیں گے۔ پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا اور راجکمار ہیرانی کی فلم کے ہدایت کار وجئے نمبیار ہیں جبکہ چوپڑا اور ابھیجیت جوشی نے اسکرپٹ تحریر کیا ہے۔ فرحان اختر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس فلم میں میرا کردار ایک سخت گیر پابند قانون آفیسر کا ہے جو کہ روز مرہ کی زندگی میں تشدد کا مقابلہ کرتا ہے چونکہ اس شعبہ میں انہیں زیادہ جانکاری نہیں ہے اس لئے انہوں نے کردار کو جاندار بنانے کیلئے تحقیقات اور تربیت حاصل کی ہے۔فرحان اختر نے 10سال قبل فلم ’ لکشیا ‘ میں امیتابھ کو ڈائرکٹ کیا تھا ۔ میگا اسٹار کے ساتھ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوگا۔ وہ اس فلم میں ایک جسمانی معذور شطرنج کے کھلاڑی کا رول ادا کررہے ہیں اور یہ فلم ایکشن اور رومانس سے بھرپور ہوگی جسے دیکھ کر شائقین لطف اندوز ہوں گے۔ فرحان اختر کی جاریہ سال دو فلمیں ’ وزیر ‘ اور’ دل دکھڑکنے دو ‘ ریلیز ہونے والی ہیں۔