فلم ’’پی کے ‘‘ کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاج، تھیٹروں پر حملے، عامر خاں پر ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام

نئی دہلی۔ 30 ۔ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عامر خاں کی بلاک باسٹر فلم ’’پی کے ‘‘ کے خلاف بجرنگ دل اور بی ایچ پی کے کارکنوں نے مختلف ریاستوں میں شدید احتجاج کیا۔ آسام اور اڑیسہ میں چند تھیٹروں پر حملے کئے گئے، بعض مقامات پر توڑ پھوڑ مچائی گئی۔ غمزدہ ڈائرکٹر راج کمار ہرانی نے کہا کہ ان کی فلم کے تمام عملہ کی جانب سے تمام مذاہب اور عقائد کا احترام کیا جاتا ہے ۔ گجرات ، ممبئی، مدھیہ پر دیش اور اترپردیش میں احتجاج کے بعد بجرنگ دل کے علاوہ دیگر ہندو تنظیم کارکنوں نے نئی دہلی ، اڑیسہ ، آسام ، ہریانہ اور حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔ پولیس نے چند احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ بجرنگ دل کے کارکنوں نے فلم کے پوسٹر پھاڑ دیئے اور عامر خاں کے پتلے نذر آتش کئے ۔ سنسر بورڈ کے سربراہ لیلا سمسن نے عامر خاں کی فلم ’’پی کے ‘‘ کو کلین چٹ دینے کی مدافعت کی اور کہا کہ سیاسی اور نظریاتی گروپ اپنے حامیوں کو یہ فلم نہ دیکھنے کا مشورہ دے سکتے ہیں۔ ہم نے فلم کو نمائش کیلئے اجازت دینے کی اپنی ذمہ دداری کو پورا کیا ہے۔

بالی ووڈ نے اس فلم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’’پی کے ‘‘ کوئی متنازعہ موضوع پر نہیں بنائی گئی ہے۔ سلمان خان اور کرن جوہر نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کے خلاف احتجاج غیر ضروری ہے۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سنسر بورڈ کے معاملہ میں مرکز مداخلت نہیں کرسکتا۔راجیو وردھن سنگھ راتھوڑ نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر قابو پانا ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔بجرنگ دل اور دیگر ہندو بنیاد پرست گروپوں نے آج عامر خان کی اداکاری پر مبنی فلم ’’پی کے‘‘ کی نمائش کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور ہنگامہ آرائی کی۔ اِن کارکنوں نے یہاں کے دو سنیما ہالوں میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی۔ ان کا الزام ہے کہ اِس فلم میں مبینہ طور پر اکثریتی طبقہ کی دل آزاری کی گئی ہے۔

پولیس نے کہاکہ اِس نے سلچر میں دو تھیٹروں گولڈ اور اورینٹل پر حملہ کرنے کی پاداش میں بجرنگ دل کے 3 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ کارکن فلم کی نمائش جاری رہنے کے دوران تھیٹر پہونچے اور عامر خان کو اُن کی فلم کے خلاف نعرے لگائے۔ کچھ کہے بغیر کارکن تھیٹر کے اندر گھس پڑے اور فلم کے پوسٹروں کو پھاڑتے ہوئے املاک کو نقصان پہونچایا۔ اِن کارکنوں نے شیشے توڑ دیئے، ٹکٹ کاؤنٹرس کو نقصان پہنچایا۔ ان دونوں سنیما ہالوں کے مالکین میں سے ایک نے کہاکہ بجرنگ دل کارکنوں نے فلم ’’پی کے‘‘ کی نمائش روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ آج ہم نے اِس فلم کی نمائش کو روک دیا ہے۔ کل کیا ہوتا ہے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ہر چیز صورتحال پر منحصر ہے۔ بجرنگ دل کے ایک کارکن سے ربط کیا گیا تو اِس نے کہاکہ وہ لوگ فلم میں ہندو بھگوانوں کے لئے جس طرح کا توہین آمیز پیام دیا گیا ہے اُسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ کل بھی بجرنگ دل کارکنوں نے گجرات کی تھیٹروں پر حملہ کیا تھا جہاں فلم ’’پی کے‘‘ کی نمائش جاری ہے۔ آگرہ اور ماوا میں بھی اِن کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی تھی۔ اترپردیش ، بھوپال اور مدھیہ پردیش کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی احتجاج کی خبریں ہیں۔