ممبئی۔/26مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) فلم سٹی میں گذشتہ ہفتہ پیش آئے فائرنگ واقعہ میں ملوث3افراد کو گرفتار کرلیا گیا جس میں ایک سیکوریٹی ایجنسی کا مالک شدید زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ واقعہ میں 3ملزمین سمیت ٹالیکر، جگل وڈیہ اور یوگیش کونکن کو کل گرفتار کرلیا گیا۔ عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرلیا گیا جبکہ دیگر مفرور حملہ آورو سریش گائیکواڈ ، سندیپ کھرنا اور رمیش کامبلے کی تلاش جاری ہے۔ ممبئی پولیس کے بموجب یہ حملہ سیکوریٹی ایجنسی کے مالک راجیو شنڈے سے انتقام لینے کیلئے کیا گیا تھا جس کے ساتھ ان حملہ آوروں کا گذشتہ ماہ فراہمی ملازمت کے سلسلہ میں جھگڑا ہوگیا تھا۔ ایک ماہ قبل کونکن اور اس کے تین ساتھی فلم سٹی میں ایک کنٹراکٹ کیلئے شنڈے سے رجوع ہوئے تھے لیکن بحث و تکرار کے بعد شنڈے نے انہیں لات مار کر بھگادیا تھا جس کے بعد ان لوگوں نے شنڈے کو ماردینے کا منصوبہ بنایا اور ایک موٹر سیکل پر سوار ہوکر فلم سٹی بشمول شنڈے پر فائرنگ کردیا۔ حملہ آوروں کا تعاقب کرنے پر وہ اپنی موٹر سیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے جس کے باعث پولیس کو انہیں پکڑ لینے میں مدد ملی۔ کونکن کی تحویل سے ایک پستول، 10گولیاں اور 2میگزین دستیاب ہوئے ہیں جو کہ 22 مئی کے حملہ میں استعمال کئے گئے تھے۔ سیکوریٹی ایجنسی کے مالک راجیو شنڈے شیوسینا کی فلمی تنظیم چترایت سینا کا عہدیدار بھی ہے فائرنگ میں شدید زخمی ہونے پر ناناوتی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا۔ فائرنگ کا واقعہ فلم سٹی کے قریب پیش آیا جہاں پر میگا اسٹارامیتابھ بچن کی شوٹنگ جاری تھی۔