بے مثال’’یوم قدس‘‘ سے آقا حسن نوریان کا خطاب
حیدرآباد۔/26جولائی، ( راست ) ملت اسلامیہ عالم کی بیداری و دانشمندی کے سایہ میں بیت المقدس کی آزادی اور غاصب اسرائیلی حکومت کی نابودی یقینی ہے۔ اس بات کا اظہار آقا حسن نوریان کونسلیٹ جنرل اسلامک ریپبلک آف ایران متعینہ حیدرآباد نے کل شام روز نامہ ’ بے مثال‘ کے زیر اہتمام منعقدہ یوم القرآن اور ’ یوم قدس‘ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے آخری جمعہ کو 35سال قبل آیت اللہ امام خمینی نے بیت المقدس کی آزادی کیلئے عالمی یوم قدس قرار دیا تھا اور بتلایا کہ آج کا دن فلسطین پر ناجائز قبضہ ، ظلم زیادتی، بربریت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کیلئے عالمی طاقتوں کی خاموشی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک جو اسرائیل کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ وہ نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔ جناب میرہادی علی صدر امام خمینی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نے کہا کہ فلسطین کا قبضہ صرف ایک سیاسی مسئلہ ہی نہیں بلکہ تمام دنیا کے مسلمانوں کے عقائد کا مسئلہ ہے۔ مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد جابرنے اسرائیلی حکومت کے خاتمہ کیلئے عالم اسلام کے تمام فرقوں میں اتحاد لازم قرار دیا۔ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا نے عظمت قرآن کے ساتھ ساتھ ’’ یوم قدس ‘‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جناب عابد رسول خاں صدر نشین اقلیتی کمیشن ، جناب محمد سراج الدین صدر کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ، سید یوسف ہاشمی، ایس کے افضل الدین، جناب میر عنایت علی باقری جنرل سکریٹری ٹی آر ایس، نجف علی شوکت صدر مرکزی ماتمی گروہان، سید حامد حسین جعفری کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ آغاز جلسہ قاری انیس احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ مسرور عابدی، دلدار حسین عابدی، عظمت علی عظمت، سید مصطفے علی انجینئر نے عظمت قرآن پر کلام پیش کیا۔ افطار سے قبل ایران سے تشریف لائے آقا حسینی نے تلاوت کلام پاک اپنے مخصوص لحن میں پیش کی۔ مرتضیٰ حسین رضوی، سعید مولا علی اور امیر حسن خاں رضوی نے شکریہ ادا کیا۔