فلسطینی کاز کی حمایت میں جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

جناب سید وقارالدین قادری ایڈیٹر انچیف رہنمائے دکن کا فلسطین کیلئے 25 لاکھ کا عطیہ
حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے صدرنشین جناب سید وقارالدین قادری ایڈیٹر انچیف روزنامہ رہنمائے دکن نے غزہ کے مظلومین کو راحت پہنچانے کے لئے 25 لاکھ روپئے کا عطیہ بتوسط سفیر فلسطین برائے ہند جناب عدلی شعبان صادق روانہ کرنے کا اعلان کیا اور 25 لاکھ روپئے کا چیک جناب عدلی شعبان کے حوالہ کیا۔ اِس موقع پر جناب سید وقارالدین قادری نے بتایا کہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے زمانہ دراز سے فلسطینی کاز کے سلسلہ میں جدوجہد کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف انداز میں جمہوری جدوجہد کے ذریعہ فلسطینی عوام کی انڈو عرب لیگ کی جانب سے آواز اُٹھائی جاتی رہی ہے۔ جناب عدلی شعبان صادق سفیر فلسطین برائے ہند نے اِس موقع پر بتایا کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں ہوئی بمباری میں اُن کی بہن کا لڑکا جاں بحق ہوا ہے۔ دو یوم قبل اُن کا نواسہ اسرائیلی جارحیت کا شکار ہوا ہے۔ اِس موقع پر شہدائے فلسطین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ جناب سید وقارالدین قادری نے مزید بتایا کہ مستقبل میں بھی انڈو عرب لیگ کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت میں جمہوری جدوجہد جاری رہے گی اور فلسطینی عوام کی امداد کا یہ سلسلہ موقوف نہیں ہوگا۔ سفیر فلسطین برائے ہند جناب عدلی شعبان صادق نے 25 لاکھ روپئے کے گرانقدر عطیہ پر اُن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی عوام بالخصوص فلسطینی کاز کے حامیوں سے اُنھیں اِسی طرح کے ردعمل کی توقع تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ انڈو عرب لیگ کی جانب سے دی گئی یہ کثیر رقم فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلومین کے لئے جاری راحت کاری کاموں میں خرچ کی جائے گی۔