فلسطینی علاقے میں یہودی بستی کے اعلان پر امریکی احتجاج

واشنگٹن۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں کی 900 ایکڑ اراضی پر اسرائیلی قبضے کیخلاف امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے احتجاج کیا ہے۔ جان کیری نے یہ احتجاج اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس فون کال پر امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان جین پاسکی نے کہا ’’اسرائیل کی طرف سے اس نئی یہودی بستی کی تعمیر کی خبر ہمارے لیے بہت پریشان کن پیغام ہے‘‘۔ خصوصاً ایسے حالات میں جب اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک جنگ ہوئی ہے نیز اسرائیل اور غزہ فلسطین کے درمیان امریکی مدد سے شروع ہونے والا امن عمل معطل ہو چکا ہے۔ خیال رہے اسرائیل کے وزیر دفاع موشے یعلون نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے محض ایک ہفتے بعد مغربی کنارے کے ایک فلسطینی گاؤں کی اراضی پر یہودی بستی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کی طرف سے اس اعلان کی مذمت کے حوالے سے آنے والے بیان کے بعد امریکہ ان یورپی ممالک کا ہم آواز ہو گیا ہے جنہوں نے اس سے پہلے ایسی یہودی بستیوں کے خلاف آواز اٹھا رکھی ہے۔ ان ممالک میں برطانیہ، اٹلی، فرانس،ا سپین اور یورپی یونین شامل ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے فلسطین کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ صائب عریقات سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ فلسطینی نمائندے نے عالمی برادری سے تین روز پہلے اپیل کی تھی کہ اسرائیل کے اس نئے اعلان پر اس کی جلد سے جلد باز پرس کی جائے۔