فلاڈلفیا میں فائرنگ ، پانچ افراد ہلاک

فلاڈلفیا۔ 16ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے پانچویں بڑے شہر فلاڈلفیا کے شمال مغربی علاقے میں ایک مسلح شخص نے پیرکو مختلف گھروں پر فائرنگ کرکے پانچ افراد کو ہلاک کردیا اور اس کے بعد خود کو ایک گھر میں محصور کر لیا ہے۔ مقامی پولیس نے فلاڈلفیا کے نواح میں واقع سوڈرٹن کے علاقے میں اس مسلح شخص کے مکان کا محاصرہ کررکھا ہے۔ امریکی ٹیلی ویژن چینلز کی رپورٹس کے مطابق اس مسلح شخص نے ایک گھر میں خود کو بند کر لیا ہے۔اس مقام پر اس کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی شخص پر دوسرے مقامات پر تین افراد کو ہلاک کرنے کا شبہ ہے۔مشتبہ حملہ آور کے بارے خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ایک سابق فوجی ہے۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس مشتبہ حملہ آور کی شناخت اور واقعہ کے محرکات کے بارے میں فوری طور پر کچھ کہنے سے قاصر ہے۔ اس شخص نے سوڈرٹن سمیت جن تین قصبوں میں لوگوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے ،وہ ریاست پنسلوانیا کی مونٹگمری کاؤنٹی میں واقع ہیں۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے پانچوں مقتولین کی نعشیں برآمد کر لی ہیں۔انھیں فلاڈلفیا کے تین مختلف مقامات پر بالکل قریب سے گولیاں ماری گئی تھیں۔مشتبہ حملہ آور نے پیر کی صبح چار بجے کے قریب سب سے پہلے ہارلیس ویلی کے علاقے میں فائرنگ کی تھی۔پولیس کو وہاں سے ایک عورت کی لاش ملی ہے۔اس کے آدھے گھنٹے کے بعد لینسڈیل میں دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ۔