فلائیٹ اٹنڈنٹ خودکشی کیس۔ شوہر کا 14 روزہ ریمانڈ

نئی دہلی۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ مسٹر انوج کمار نے فلائیٹ اٹنڈنٹ مسز انییابترا 39 سالہ جس نے جمعہ کو پنچشیل پارک کے اپنے گھر کی چھت سے کود کر خودکشی کرلی تھی، کے شوہر مانیک سنگھوی کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا۔ انییابترا جرمن ایرلائنس میں فلائیٹ اٹنڈنٹ کی حیثیت سے ملازم تھی۔ انییا کے وکیل اشکرن سنگھ بھنڈاری نے عدالت میں بیان دیا کہ سنگھوی کے والدین کو جنہوں نے مہلوک اٹنڈنٹ پر ظلم و زیادتی کے مرتکب ہوئے ہیں، تلاش کیا جائے۔ پولیس نے عدالت کو بیان دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کررہی ہے۔ اس جوڑے کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ پنچیل انکلیو کے علاقہ میں رہائش پذیر تھے۔ اپنی چھت کی منزل سے خودکشی کرنے سے قبل اس نے اپنے شوہر کو ایک پیغام روانہ کیا تھا کہ وہ خودکشی کر لے گی۔ جب اس کا شہر وہاں پہنچا تو ایک ملازم نے اطلاع دی کہ وہ چھت سے نیچے کود گئی ہے۔ گورگاؤں سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویر انجینئر شوہر نے پولیس کو بیان دیا کہ ان دونوں کے درمیان آئے دن عدم مطابقت کے مسئلہ پر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔