فسطائی طاقتوں کو روکنے قومی سالمیت کی ضرورت

آنجہانی راجیو گاندھی کی 24 ویں برسی پر خراج ، طلبہ ، خواتین و کانگریس قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( دکن نیوز ) : آنجہانی راجیو گاندھی سابق وزیر اعظم کی 24 ویں برسی کے موقع پر قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام پرکاشم ہال گاندھی بھون میں ’ یوم انسداد دہشت گردی ‘ کے نام معنون کیا گیا اور مقررین نے آنجہانی راجیو گاندھی کی قومی ، سماجی ، ملی اور سیاسی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے حق میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ طلباء وطالبات ، مرد و خواتین اور نوجوانوں و کانگریس قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس جلسہ کی صدارت ایس کے افضل الدین صدر قومی سالمیت کمیٹی نے کی ۔ اتم کمار ریڈی صدر پردیش کانگریس کمیٹی تلنگانہ نے راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ فسطائی طاقتوں کا قلع قمع کرتے ہوئے متحد ہو کر قومی سالمیت کی یکتا کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ رکن پارلیمان و آل انڈیا سکریٹری کانگریس کمیٹی نے راجیو گاندھی کی غیر معمولی فراست پر کہا کہ وہ اس ملک کو ایک نیا ویژن دینا چاہتے تھے جس کے لیے ٹکنالوجی کو انہوں نے اپنایا یہی وجہ ہے کہ کسی کے ہاں فون تھا تو کسی کا ہاں نہیں بلکہ آج ان ہی کی بدولت انفارمیشن ٹکنالوجی بام عروج کو پہنچی اور آج ہر ایک کے ہاں سیل فون آگیا ۔ ایس کے افضل الدین نے کہا کہ دہشت گردی کا وجود سماج پر بدنما داغ ہے ، بنیاد پرست ان دنوں ہندو مسلم کو بانٹ کر جمہوریت کا خاتمہ کررہے ہیں اور فرقہ پرستی کے خاتمہ کے لیے اساتذہ کو سماج و معاشرہ میں اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر ایم اے انصاری جنرل سکریٹری نے پیشہ تدریس سے وابستہ مرد وخواتین کو تلقین کی کہ وہ درس گاہوں و اسکولس میں نئی نسل کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے آراستہ کریں ۔ خلیق الرحمن آل انڈیا کوآرڈینٹر مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کانگریس کمیٹی نے راجیو گاندھی کی خدمات کی سراہنا کی جن کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا ۔ محمد فاروق حسین رکن قانون ساز اسمبلی ، سید فصیح حسین کنوینر ، پریم لعل ایڈوکیٹ ایس سندری کانگریس ترجمان و دیگر نے مخاطب کیا ۔ سید مخدوم ، پریم لعل ، ڈاکٹر مختار احمد فردین ، ٹی پرمیشورراؤ ، ستیہ نارائن ریڈی ، محمد امتیاز ، آمنہ بی ، محمد محسن و دیگر طلباء وطالبات و اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ قومی سالمیت کے کاز کے لیے جن اساتذہ نے بھر پور خدمات دی ہیں ۔ ان کی شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر قادر شریف ، اشوک کمار ، ماسٹر سولیشور نے قومی یکجہتی پر گیت سنائے ۔ ڈاکٹر ایم اے انصاری جنرل سکریٹری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور شکریہ ادا کیا ۔ قومی ترانہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔۔