سنگاپور ۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سنگاپور کے ’’لٹل انڈیا‘‘ نامی علاقہ میں گزشتہ سال پھوٹ پڑنے والے فسادات سے قطع نظر ، سنگاپور نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ فسادات کے باوجود ہم اعتماد سازی کے عمل میں مصروف ہیں کیونکہ یہاں غیرمقامی افراد کی قابل لحاظ آبادی ہے جن میں اعتماد سازی ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ بیرونی ورکرس ملک کی معیشت کا اہم حصہ ہیں۔ وزیراعظم سنگاپور لی سین لونگ نے کہا کہ گزشتہ سال ڈسمبر میں پھوٹ پڑنے والے فسادات جن میں جنوبی ایشیائی ورکرس ملوث تھے ایک بدبختانہ واقع تھا ۔ تمام ورکرس یہاں کسی مقصد کے تحت آئے ہیں (روزگار ) اور ہمیں بھی اُن کی ضرورت ہے ۔ ورکرس ہمارے لئے مکانات ، ٹرینیں بنارہے ہیں ، بینکس میں کام کررہے ہیں اور ملک کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں بیرونی ورکرس موجود نہ ہوں ۔ لہذا ’’لٹل انڈیا‘‘ فسادات کو گزرے ہوئے زمانہ کی بات سمجھتے ہوئے ہم زندگی میں آگے بڑھنے میں یقین رکھتے ہیں۔