ایس ایس سی امتحان
’’فزکس کا پیپر بہت مشکل تھا ‘‘
لائق طلبہ بھی امتحان ہال میں سَر پکڑ کر بیٹھ گئے
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) ایس ایس سی کا 25 مارچ ہفتہ کے دن کا فزکس کا امتحان تمام امیدواروں کے لئے ایک بڑی مصیبت بن گیا۔ فزکس کا پرچہ سوالات اس قدر مشکل تھا کہ امتحان ہالس میں امتحان کی پوری تیاری کرکے آنے والے قابل لڑکے اور لڑکیاں اپنا سَر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ تقریباً تمام امیدوار امتحان ہالس سے منہ لٹکائے ہوئے گھروں کو واپس ہوئے۔ ایک ٹیچر یونین لیڈر این نارائنا نے محکمہ تعلیم کو مکتوب لکھا ہے کہ اور فزکس کے پرچہ سوالات کا جائزہ لینے کیلئے ایک پیانل تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے لئے پوری طرح تیاری سے آئے امیدوار بھی پرچہ سوالات دیکھ کر چکرا گئے۔ ایک ٹیچر نے کہا کہ پیر 27 مارچ کو بایولوجیکل سائنس کا پیپر اچھا لکھ کر ہی امیدوار سائنس میں ناکامی سے بچ سکتے ہیں۔ ماہرین تعلیم نے کہا کہ عام طور پر پرچہ سوالات 20% مشکل ہوتے ہیں لیکن 25 مارچ کا ایس ایس سی کا فزکس کا پرچہ 60% مشکل تھا۔