سینٹ لوئی۔15مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے کم از کم دو افراد کو آج گرفتار کرلیا جب کہ نسلی کشیدگی امریکہ کے مضافاتی علاقہ میں عروج پر پہنچ گئی اور پڑوسی علاقہ فرگوسن میں پولیس کے ہاتھوں ایک غیر مسلح سیاہ فام مائیکل براؤن کی ہلاکت کے خلاف احتجاج سینٹ لوئی کے قلب میں شروع ہوگیا ۔ 50نوجوان احتجاجی سورج ڈھلنے کے بعد وسطی مغربی شہر کے تاریخی 19ویں صدی کے میدان میں جمع ہوگئے اور انہوں نے سڑکوں پر جلوس نکالا ۔ سڑکوں کے کنارے سلاخوں کے ذریعہ رکاوٹیں کھڑا کردی گئی تھی لیکن یہ علاقہ بھی پُرہجوم تھا جس کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے ٹریفک رُک گئی تھی ۔ اخباری نمائندوں کے بموجب سینٹ لوئی کی مقامی پولیس نے دو افراد بشمول ایک نقاب پوش مرد احتجاجی کو جو سیاہ لباس میں ملبوس تھا اور دوسرے خبررساں فوٹو گرافر فلپ مانٹگومری کو گرفتارکرلیا ۔