بیجا پور (کرناٹک) ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور ریاستی بی جے پی لیڈر باسن گوڈا پاٹل یتنال کو 26 مئی کے روز فرقہ وارانہ تشدد معاملہ میں ملوث پائے جانے پر آج گرفتار کیا گیا ۔ آئی جی پی (نارتھرن رینج) بھاسکر راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ دو روز قبل فرقہ وارانہ تشدد میں تینال کے ملوث پائے جانے پر انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کے اور دیگر 29 افراد کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد برپا کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ بھاسکر راؤ نے کہا کہ حالات فی الحال پرسکون اور قابو میں ہیں۔ یاد رہے کہ 26 مئی کو این ڈی اے کے دوبارہ برسر اقتدار انے کی خوشی میں بی جے پی نے فتح ریالی کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے دو گروپس میں جھڑپ ہوگئی تھی ۔ ریالی کی قیادت تینال کر رہے تھے جو سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی کابینہ میں وزیر تھے۔ اس واقعہ کی ہر جانب سے مذمت کی جارہی ہے کیونکہ این ڈی اے کو اقتدار پر آکر 48 گھنٹے بھی نہیں ہوئے ہیں اور اس طرح کے واقعات سے نئی حکومت کی نیک نامی متاثر ہوسکتی ہے۔
مکان منہدم ہونے سے دو بچے ہلاک
پٹنہ ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضلع کھگریا میں الولی پولیس اسٹیشن کے تحت موضع گدھا میں ایک نئے تعمیر شدہ مکان کے منہدم ہوجانے کے حادثہ میں دو بچے ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کے وقت بچے گھر کے اندر موجود تھے ۔ شدید طوفان سے متاثر ہونے کے بعد مکان منہدم ہوگیا ۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا مکان تعمیر کرنے میں ناقص سمنٹ ، اینٹ اور ریتی کا استعمال کیا گیا یا نہیں ۔ مکان کے ملبہ سے 8 سالہ چھوٹو اور 9 سالہ پانڈو کی نعش برآمد کی گئیں اور پوسٹ مارٹم کیلئے انہیں سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جبکہ زخمی بچوں کو بھی علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔