فرقہ وارانہ بگاڑ پیدا کرنے پر دو بی جے پی قائدین گرفتار

سمستی پور۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دو بی جے پی قائدین کو آج بہار کے ضلع سمستی پور میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کے الزام پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان کی حرکتوں کی وجہ سے رام نومی جلوس کے دوران جھڑپیں پیش آنے کی پاداش میں انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ سمستی پور کے روزیرا ٹائون میں پیش آئے واقعہ کے ویڈیو فوٹیج کی اساس پر دنیش جھا اور موہن پٹوا کو گرفتار کیا گیا۔ سمستی پور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپک رنجن نے کہا کہ دونوں قائدین کے ساتھ 10 دیگر افراد بھی گرفتار کیے گئے۔ ان تمام سے جھڑپوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ان گرفتاریوں کے بعد بی جے پی کے ورکرس اور حامیوں نے جمعرات کو پولیس کارروائی کے خلاف احتجاج کیا اور اس کارروائی کو یکطرفہ قرار دیا۔