احمد آباد ۔ 21۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج عشرت جہاں کی والدہ شمیمہ کوثر کی درخواست قبول کرلی جس میں انہوں نے گجرات کے انچارج ڈی جی پی پی پی پانڈے کی جانب سے مبینہ فرضی انکاونٹر مقدمہ میں بری کرنے کے لیے دائر کردہ درخواست میں فریق بننے کی خواہش کی تھی ۔ خصوصی جج ایم کے پانڈیا نے اس مقدمہ میں فریق بننے شمیمہ کوثر کی درخواست کو قبول کرلیا چنانچہ وہ پانڈے کی بری قرار دینے کی درخواست کو چیلنج کرسکتی ہیں ۔ عدالت نے پانڈے کی ضمانت میں تبدیلی کے لیے درخواست بھی قبول کرلی جو ان کے وکیل نے دائرہ کی اور کہا کہ ہر جمعرات کو عدالت میں حاضر ہونے کی شرط سے انہیں مستثنیٰ رکھا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ پانڈے کو ہر جمعرات کو حاضر ہونے کے بجائے جب بھی مقدمہ کی سماعت ہورہی ہو موجود رہنا ہوگا ۔۔