حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) فرسٹ لانسر کے علاقہ میں معمولی بات پر پیش آئے جھگڑے کے واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ افطار کے بعد پیش آئے اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے امکانی حالات کے پیش نظر فرسٹ لانسر میں پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کردیا ۔ ایک ہی فرقہ کے دونوں افراد میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 41 سالہ فیروز خان نامی شخص نا معلوم شخص کے حملہ میں فوت ہوگیا ۔ سب انسپکٹر مسٹر روی کمار نے بتایا کہ فیروز خان کی موت کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیروز خان سید نگر علاقہ کا ساکن تھا جو پیشہ سے کار ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ فیروز اپنی کار میں فرسٹ لانسر کے علاقہ سے گذررہا تھا کہ ایک موٹر سیکل سے کار کو معمولی دھکہ لگا جس کے بعد شخص اور فیروز میں بحث و تکرار ہوگئی اور اس شخص نے فیروز پر حملہ کردیا جس کے بعد مقامی عوام نے فیروز کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا۔