فرخ آباد (یوپی)۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش کے ایک عہدیدار کے یہاں اسمعیل گنج ثانی محلہ میں واقع مکان کے باہر آج ایک مشتبہ بم پایا گیا۔ پولیس نے کہا کہ لال فیتے سے بندھی ایک پیاکٹ وہاں ایک گھڑی کے ساتھ دستیاب ہوئی جس کے ساتھ ہی علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ریونیو آفیسر رویندر ورما کے مکان کے پاس کا ہے۔ پولیس اور بم ناکارہ بنانے والے اسکواڈ نے فوری وہاں پہنچ کر مشتبہ ٹائم بم کو ناکارہ کردیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیانند مشرا نے کہاکہ یہ پتہ چلایا جارہا ہیکہ آیا یہ بم تھا یا کسی شرپسند کی شرارت کہ لوگوں کو پریشان کیا جائے۔ بریلی سے بھی بم اسکواڈ کو طلب کیا گیا تھا۔
بنگلہ دیشی خاتون ایک لاکھ روپئے میں فروخت، دو افراد گرفتار
پالگھر (مہاراشٹرا) ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی ایک 21 سالہ خاتون کو بتایا جاتا ہیکہ ایک بنگلہ دیشی شہری نے تھانے کی میرا روڈ پر ایک ایجنٹ کو ایک لاکھ روپئے میں بیچ دیا اور اسے جسم فروشی کے دلدل میں جھونک دیا گیا، جس کی اطلاع ملتے ہی دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سینئر انسپکٹر پالگھر پولیس اسٹیشن کرن کباڈی نے کہا کہ اس عورت کو 10 ماہ قبل میرا روڈ لایا گیا تھا اور ملزمین جو شادی شدہ جوڑا ہے، ان کے مکان میں یرغمال رکھا گیا تھا۔