فرانس کا شہری بھی سر قلم کرنے والوں میں شامل

پیرس۔ 18 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے پراسکیوٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ داعش کی طرف سے جاری کردہ تازہ ویڈیو میں ایک فرانسیسی شہری بھی شامل ہے جو داعش کے سرقلم کرنے والے دستے میں مبینہ طور پر شامل ہے۔ پراسکیوٹرز نے کہا کہ اس تعلق سے خدشہ اس وقت سامنے آیا جب داعش کے جاری کردہ ایک تازہ ویڈیو میں شامی فوجیوں اور ایک امریکی امدادی کارکن کا سر قلم کرتے دکھایا گیا۔ شبہ ہے کہ فرانسیسی شہری داعش کے عسکریت پسندوں میں دوسرے نمبر پر کھڑا تھا۔فرانسیسی پراسکیوٹرز کے دفتر کے مطابق ابھی اس کی تصدیق ہونا ہے کہ آیا واقعی ان افراد میں کھڑا دوسرا شخص فرانسیسی شہری ہی تھا یا کوئی اور تھا۔اس حوالے سے نور منڈے سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ میکسم ہاوچرڈ کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں، جسے داعش نے ایک پروپیگنڈہ ویڈیو میں دکھایا تھا۔ داعش نے یہ ویڈیو اتوار کے روز دکھائی تھی جبکہ پیر کو ایک برطانوی شہری کے والد نے کہا کہ انہوں نے یہ غلط طور پر سمجھ لیا تھا کہ ان کے بیٹے کی داعش کی تازہ وڈیو میں جھلک نظر آئی ہے۔