پیرس ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال فرانس میں ہم جنس پرستوں کی 7000 شادیاں انجام دی گئیں کیونکہ گزشتہ سال مئی میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی موقف دیا گیا تھا ۔ اعداد و شمار کی قومی ایجنسی کے مطابق فرانس میں ہم جنسی پرستوں کی شادی کو قانونی موقف دیئے جانے کی کافی مخالفت بھی ہوئی تھی ۔ یاد رہے کہ سوشلسٹ قائد اور صدر فرانس فرنکوئی ہولاندے کو اس قانون کو منظوری دینے کے بعد مختلف احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں اپوزیشن کے علاوہ طاقتور کیتھولک چرچ بھی شامل تھا ۔ 2013 ء میں یوں تو جملہ 228,000 شادیاں رجسٹر کی گئیں جن میں ہم جنس پرستوں کا تناسب 3 فیصد رہا جس میں ایک دلچسپ بات یہ بتائی گئی ہے کہ ہم جنس پرستوں کی ہر پانچ شادیوں میں سے تین شادیاں ایک مرد کی دوسرے مرد سے ہوئی ہے ۔ مرد کی مرد سے شادی کے لئے اوسط عمر 50 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ خواتین کے لئے عمر کی حد 43 سال ہے۔
خفیہ دفاعی معلومات کی منتقلی پر معاملہ درج
واشنگٹن ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی نژاد ایرانی شخص کو نیوجرسی کے نیوارک انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گرفتار کرتے ہوئے اس پر F-35 لڑاکا طیاروں کے بلیو پرنٹ ایران کے حوالے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔ دریں اثناء استغاثہ نے بتایا کہ مظفر خزائی نے ایران کے شہر ہمدان میں لڑاکا طیارے F-35 سے منسلک کئی اہم معلومات جیسے خفیہ دستاویزات، دیگر تکنیکی تفصیلات اور میٹریل سے متعلق دیگر اہم معلومات گزشتہ سال ماہ نومبر میں حکومت ایران کو فراہم کی تھی جبکہ دوسری طرف واشنگٹن ٹائمز کے مطابق مظفر خزائی جو امریکہ اور ایران دونوں ممالک کا شہری ہے ( دوہری شہریت ) جس نے 1991 ء میں امریکہ کی شہریت حاصل کی تھی ، کنیکٹیکٹ میں اُس پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ سرقہ اور دھوکہ دہی سے حاصل کئی گئی کچھ اہم دفاعی معلومات اُس نے ایران منتقل کی تھی ۔ اگر مظفر کو قصوروار پایا گیا تو اُسے دس سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے ۔