پیرس ؍ واشنگٹن ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے خاتونِ اوّل ویلیری ٹریئر وائلر سے علحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے قبل ایک اداکارہ کے ساتھ ان کے ’معاشقے‘ کی خبریں عام تھیں جس کے بعد ٹریئر وائلر بیمار پڑ گئی تھیں۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے اولاند نے کہا ، ’’میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے ویلیری ٹریئر وائلر کے ساتھ اپنی پارٹنر شپ ختم کر دی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا نجی معاملہ ہے اور اس حوالے سے یہ اعلان وہ مملکتی سربراہ کے طور پر نہیں بلکہ ذاتی حیثیت سے کررہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارہ روئٹرز کے مطابق اس اعلان کے ساتھ اولاند نے وہ ہنگامہ ختم کرنے کی کوشش کی ہے جو گزشتہ دِنوں اداکارہ ژولی گائیے کے ساتھ ان کے افیئر کی خبریں سامنے
آنے پر برپا ہوا تھا۔ دراصل سلیبرٹی میگزین کلوژر نے ایک رپورٹ شائع کر دی تھی کہ فرانسوا اولاند کا فلم اداکارہ اور سوشلسٹ پارٹی کی سپورٹر ژولی گائیے کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔ دونوں کی تصاویر بھی شائع کی گئی تھیں۔ فرانسیسی صدر نے میگزین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ 48 سالہ ٹریئر وائلر ہفت روزہ پیرس میچ کی کالم نگار ہیں۔ انہوں نے اولاند سے شادی نہیں کی تھی۔ تاہم دونوں 2006ء سے ساتھ تھے۔ مئی 2012ء میں اولاند صدر بنے تو ٹریئر وائلر نے سرکاری تقریبات کے موقع پر خاتون اوّل کا کردار ادا کیا۔ کسی بھی خاتون اوّل کی طرح ایک دفتر بھی ان کے زیر انتظام رہا جس کا ماہانہ بجٹ تقریباً 20 ہزار یورو ہوتا ہے۔