درگاہ کے عطیات مقدمہ میں غیر حاضری کا شاخسانہ ، سی ای او کی سخت کارروائی
حیدرآباد۔3 جولائی (سیاست نیوز) چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ منان فاروقی نے فرائض سے غفلت برتنے اور اوقافی جائیداد کے مقدمہ کی عدالت میں عدم پیروی پر نلگنڈہ ضلع کے انسپکٹر آڈیٹر وقف بورڈ کو معطل کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درگاہ حضرت جان پاک شہیدؒ سے متعلق عطیات کورٹ میں زیر دوران مقدمہ میں متعلقہ انسپکٹر آڈیٹر محمد دستگیر نے کسی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل بھی مقدمہ کے سماعت کے دوران موجود نہیں تھے جس کے باعث یکطرفہ سماعت ہوئی اور فیصلہ محفوظ کردیا گیا۔ وقف بورڈ نے اسٹینڈنگ کونسل کو مقدمہ کی سماعت کے لیے عدالت سے رجوع ہونے کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران فرائض سے غفلت برتنے پر انسپکٹر آڈیٹر کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا۔ اس سے قبل کھمم ضلع کے انسپکٹر آڈیٹر کو بھی فرائض سے غفلت پر معطل کیا جاچکا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں تساہل برتنے والے کسی بھی شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر آڈیٹرس کو چاہئے کہ وہ ہیڈکوارٹر پر مقیم رہیں اور اگر وہ ہیڈکوارٹر کے بجائے حیدرآباد میں دکھائی دیں تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر انسپکٹرس روزانہ متعلقہ اضلاع سے حیدرآباد واپس ہورہے ہیں جس کے باعث ضلع میں اوقافی امور کی یکسوئی میں ناکامی دیکھی جارہی ہے۔ کسی بھی اوقافی جائیداد سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے تو انسپکٹر متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹر پر موجود نہیں رہتے۔ منان فاروقی نے کہا کہ تمام انسپکٹر آڈیٹرس کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور انہیں اپنے ضلع ہیڈکوارٹر پر قیام کرنا ہوگا۔