حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ڈیزاسٹر ریسپانس اور فائر سرویسس میں مختلف درجوں میں 306 جائیدادوں کو منظوری دی ہے۔ یہ جائیدادیں ریاست کے 18 نئے فائر اسٹیشنوں کے لیے ہوں گی۔ پرنسپل سکریٹری فینانس این شیوشنکر نے آج جی او ایم ایس 112 جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے تلنگانہ میں 18 نئے فائر اسٹیشنوں کے قیام کو منظوری دی ہے جن میں چینور، چوپادنڈی، ماناکونڈور، ویملواڑہ، نظام آباد رورل، پالاکرتی، بھوپال پلی، وردھنا پیٹ، پالیرو، وائرا، دیورکدرا، کوڑنگل، آلیر، خانہ پور، تنگاترتی، جڑچرلہ، یاقوت پورہ اور سکندرآباد کنٹونمنٹ شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ نے ان نئے فائر اسٹیشنوں کے لیے 306 جائیدادوں کی منظوری کے لیے حکومت سے درخواست کی۔ حکومت نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور مذکورہ جائیدادوں کو منظوری دی گئی۔ 306 جائیدادوں میں اسٹیشن فائر آفیسر 18، لیڈنگ فائر مین 36، ڈرائیور آپریٹر 54، فائر مین 180 اور جونیئر اسسٹنٹ 18 شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کو جائیدادوں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی تاکہ تقررات کا اعلامیہ جاری کیا جاسکے۔