زخمی شخص کی عیادت ، سابق وزیر ڈی ناگیندر کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وکرم گوڑ جنہوں نے قاتلوں کا سراغ فراہم کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ پولیس کی جانب سے انہیں اہم سازشی قرار دینے کی سخت مذمت کی ہے ۔ ڈی ناگیندر نے آج ہاسپٹل پہونچ کر وکرم گوڑ کی عیادت کی بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وکرم گوڑ سے انہوں نے بات چیت کی ہے ۔ وکرم گوڑ نے انہیں جو اطلاعات دی ہے اس میں اور میڈیا کی کہانیوں اور پولیس کی جانب سے افشاء کیے جانے والے راز میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ وکرم گوڑ کانگریس کا اُبھرتا ہوا نوجوان ہے جس کا سیاسی مستقبل روشن ہے ۔ وکرم گوڑ نے بتایا کہ انہیں چند دن سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں وصول ہورہی تھی جس کی انہوں نے پولیس سے شکایت بھی کی تھی ۔ ان پر حملہ کرنے والوں کی خود وکرم گوڑ نے پولیس کو تمام معلومات اور ٹیلی فون نمبرات کے ساتھ اطلاع دی تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے قاتلوں کو گرفتار کیا مگر پولیس کی جانب سے اصل ملزم زخمی وکرم گوڑ کو بنایا جارہا ہے جس پر انہیں بے حد تشویش ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت کانگریس قائدین کو نشانہ بناتے ہوئے ریاست و ملک سے کانگریس کا صفایا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ ڈی ناگیندر نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا کوئی اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے ۔ تفتیش کے دوران وکرم گوڑ نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے ۔ تاہم پولیس کی جانب سے وکرم گوڑ پر شک کرتے ہوئے ان کے سیاسی کیرئیر کو نقصان پہونچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ناگیندر نے کہا کہ پولیس کی جانب سے میڈیا میں راز افشا کرتے ہوئے وکرم گوڑ کو گرفتار کرنے کا ماحول تیار کیا جارہا ہے جب کہ زخمی وکرم گوڑ تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں انہیں مزید علاج اور آرام کی ضرورت ہے ۔ لیکن پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے کافی چستی پھرتی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ وکرم گوڑ ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ ان کے مکمل صحت یاب ہونے پر پولیس ان سے مزید تفتیش کرسکتی ہے ۔ عجلت پسندی میں کئے جانے والے فیصلوں سے ان کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔۔