لکھنؤ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے آج کہاکہ اُنھوں نے اپنے گجراتی ہم منصب وجئے روپانی سے اُن کی ریاست میں شمالی ہندوستانیوں پر مبینہ حملوں کے بارے میں فون پر بات کی اور اُنھیں یقین دلایا کہ وہاں کی حکومت تمام لوگوں کی حفاظت یقینی بنائے گی۔ چیف منسٹر گجرات نے مجھے بتایا کہ گزشتہ تین یوم میں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور اُنھوں نے عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ ادتیہ ناتھ نے کہاکہ گجرات امن پسند ریاست اور ترقی کا نمونہ ہے۔ وہ جنھیں ریاستی حکومت پر تنقید کے لئے کوئی مسئلہ نہیں مل رہا وہ اس طرح کی افواہیں پھیلاتے ہیں۔