غیر موسمی بارش ماحولیات میں تبدیلی کا نتیجہ

موسم مستقبل میں مزید خطرناک ہوگا ، ماہر ماحولیات جی بالا کا بیان

حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) ہندوستان کی کئی ریاستوں میں غیر موسمی بارش ماحولیات میں تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ آنے والے دنوں میں اِس طرح کے موسم کے وقوع پذیر ہونے کی قیاس آرائی کرتے ہوئے ماحولیاتی سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ دنوں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے آندھراپردیش میں 10 افراد ہلاک اور کئی ایکر پر پھیلی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ اِس کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں بھی یہی صورتحال رہی۔ ماحولیات کی تبدیلی کے تحت بدلتے موسم سے کئی سنگین واقعات رونما ہوں گے۔ منگلور میں ماحولیاتی تبدیلی کا جائزہ لینے والے مرکز کے سائنسداں جی بالا نے کہاکہ ماہرین موسمیات اِس اچانک ہونے والی بارش کا اندازہ کرنے سے ناکام رہے ہیں۔ معیاری تجزیہ کے آلات کی عدم موجودگی نے محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کو حیدرآباد جیسے مقامات پر مارچ کے اوائل میں غیر موسمی موسلا دھار بارش سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اِس بارش نے ورنگل، کرناٹک میں بیدر، مہاراشٹرا میں ناسک اور اورنگ آباد کے کئی علاقوں میں لاکھوں ایکر پر پھیلی کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا ہے۔

سائنسدانوں نے پیش قیاسی کی ہے کہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے بارش کے دنوں میں کم بارش کا امکان ہے۔ اِس سے کئی علاقوں میں خشک سالی بھی ہوسکتی ہے۔ اِس لئے ریاستوں کو چاہئے کہ فوری وہ مائیکرو سطح کے موسمی جائزہ لینے والے آلات حاصل کریں تاکہ امکانی خطرات کا پہلے سے ہی اندازہ کیا جاسکے۔ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق معلومات حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔ سیاستدانوں اور پالیسی سازوں کو اِن معلومات سے آگاہ ہونا چاہئے۔ صرف اطلاع رکھنے اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے منصوبے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ سائنسی بنیادوں پر معیاری تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔