حیدرآباد ۔ /5 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں گزشتہ3 دن سے جاری موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث 7 افراد ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 931 مویشی ہلاک 58.374 مکانات کو زبردست نقصان پہنچا ۔ سب سے زیادہ اضلاع نظام آباد ‘ میدک ‘ عادل آباد ‘ کریمنگر ‘ ورنگل ‘ محبوب نگر ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ اننت پور اور کرنول میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ دریں اثنا ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ریاستی چیف سکریٹری موہنتی سے آج کہا کہ وہ ریاست میں حالیہ بھاری بارش کے سبب فصلوں کو پیش آئے نقصانات پر ایک تفصیلی رپور ٹ پیش کریں ۔ ریاستی گورنر جو کہ دہلی روانہ ہوچکے ہیں فون پر بات چیت کرتے ہوئے چیف سکریٹری سے کہا کہ وہ ریاست کی صورتحال پر محکمہ زراعت اور متاثرہ اضلاع کے کلکٹرس سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے جنگی خطوط پر راحت کاری اقدامات بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے فون پر بارش کے نقصانات کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
غیر موسمی بارش کا سلسلہ جاری
شہر میں سرد ہوائیں
حیدرآباد۔ /5مارچ، ( این ایس ایس ) محکمہ موسمیات نے غیر موسمی بارش کا سلسلہ 7مارچ تک جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ تلنگانہ اور دیگر مقامات پر وقفہ وقفہ سے بارش اور گرج و چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوتی رہے گی۔ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں بھی بعض مقامات پر بارش یا گرج و چمک کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں موسم انتہائی سرد ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔