غیر ملکی عسکریت پسندوں کا مسئلہ اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس

اقوام متحدہ ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما اگلے ماہ غیر ملکی عسکریت پسندوں کے مسئلے سے نمٹنے کے موضوع پر منعقد شدنی خصوصی اجلاس کی سربراہی کریں گے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ جب امریکی صدر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک غیر معمولی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس سے قبل 2009ء میں صدر اوباما نے بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق خصوصی اجلاس کی سربراہی کی تھی۔ اقوام متحدہ میں تعینات امریکی مشن نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا دیگر ممالک کو سفر کوئی نیا مسئلہ نہیں تاہم اب یہ خطرہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کے اعداد وشمار کے مطابق عراق اور شام میں لڑنے والے شدت پسندوں میں سے تقریباً 12 ہزار غیر ملکی ہیں۔

اوباما مہم کے تحت ایک ہندوستانی
نیورو سائنٹسٹ کو گرانٹ
نیویارک ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں ہندوستانی نیورو سائنٹسٹ پارتھا میترا کو انسانی دماغ کا نقشہ کھینچنے کے سلسلے میں صدر براک اوباما کی مہم کے تحت باوقار گرانٹ عطا کی گئی ہے ۔ یہ گرانٹ انھیں ایسا مصنوعی انٹلیجنس سسٹم تیار کرنے میں مدد کرے گی جو دماغ کی مختلف پرتوں میں خلیوں کے اقسام اور اعصابی نظام کی شناخت کرسکتا ہے ۔