فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلدیہ کی مہم ، بھاری جرمانے عائد
حیدرآباد۔7فروری(سیاست نیوز) شہر میں غیر مجاز قبضہ جات کی برخواستگی کیلئے شروع کردہ مہم کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے آج ایک دن میں 29افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں موبائیل کورٹ میں پیش کیا جن کے ذریعہ جی ایچ ایم سی کو 19ہزار 500روپئے بطور جرمانہ وصول ہوئے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں اوردکانوں کے باہر سامان رکھنے والوں کے خلاف جاری مہم کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر میں فٹ پاتھ قابضین جو متعدد مرتبہ چالانات کے باوجود قبضہ کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے انہیں موبائیل کورٹ میں پیش کیا جار ہا ہے تاکہ ان پر بھاری جرمانے عائد کئے جا سکیں۔ بلدی عہدیداروں کے بموجب دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھ پر سامان رکھنے اور تاجرین کی جانب سے دکانات کے سامنے موجود فٹ پاتھ کو کرایہ پر دینے کی اطلاعات کے بعد شروع کی گئی اس مہم میں اب تک بڑے پیمانے پر کاروائی نہیں کی گئی تھی لیکن اب تیز رفتار کاروائی کے ذریعہ نہ صرف انہیں بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں بلکہ ان جرمانوں کے ساتھ ساتھ ایسا کرنے والوں کو ایک ماہ تک قید کی سزاء کے متعلق بھی فیصلہ سنایئے جانے کی توقع ہے۔ دونوں شہروں میں فٹ پاتھ کو پیدل راہروؤں کے لئے بنانے کیلئے کئے جانے والے ان اقدامات میں جی ایچ ایم سی حیدرآباد ٹریفک پولیس کا مکمل تعاون حاصل کررہی ہے اور اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس اور جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے دکانوں کے باہر سامان رکھ کر فروخت کرنے والوں کی مکمل ویڈیو اور فوٹو گرافی کی جا رہی ہے تاکہ دکاندار یا فٹ پاتھ پر قابض شخص کو عدالت میں پیش کرنے پر وہ قبضہ سے انکار نہ کرپائے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے بموجب شہر حیدرآبادکے فٹ پاتھس کو بہتر بنانے کے لئے جا رہے اقدامات میں اس کاروائی کو انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے اور شہر کے تمام تجارتی علاقوں میں یہ کاروائی انجام دی جا رہی ہے۔