پٹنہ، 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام بہار کے دارلحکومت پٹنہ کے راجیو نگر میں غیرقانونی قبضہ ہٹانے کے لئے گئی ٹیم پر مشتعل افراد نے پتھراو کردیا جس کے بعد بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے ہوا میں فائرنگ کی۔سٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امر کیش نے یہاں بتایا کہ ہاوسنگ بورڈ کے حکام کے ساتھ غیر قانونی قبضہ ہٹانے گئی پولیس پر مقامی لوگوں نے پتھراو کیا جس میں دیگھا تھانہ کے انچارج راجیش دوبے کے سر پر چوٹ لگی اور وہ بری طرح زخمی ہوگئے ۔ مسٹر دوبے کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔مسٹر امر کیش نے بتایا کہ مشتعل افراد نے تین جے سی بی اور پولیس کی جیپ میں بھی آگ لگادی۔ اس کے بعد صورت حال کو قابو میں کرنے کے لئے پولیس کو فائرنگ کرنی پڑی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہجوم نے پولیس اہلکاروں سے ان کی رائفل بھی چھین لی تھی لیکن پولیس نے اسے فوراً برآمد کرلیا۔خیال رہے کہ جس زمین پر سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے لئے ہنگامہ ہووہ متنازع ہے ۔ 80کی دہائی میں ریاستی حکومت نے کسانوں سے زمین لے کر ہاوسنگ بورڈ کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت نے زمین ہاوسنگ بورڈ کے نام تو کردی لیکن لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے بدلے میں انہیں معاوضہ نہیں ملا۔ معاوضہ نہیں ملنے کی وجہ سے کسانوں نے زمین پر قبضہ برقرار رکھا اور مکان بناتے گئے ۔ اب حکومت قبضہ کو ہٹاکر زمین ہاوسنگ بورڈ کو دینا چاہتی ہے لیکن لوگ اس کے لئے تیار نہیں ہیں۔