حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) شہر میں غیر قانونی رقومات کی منتقلی میں ملوث دو افراد کو ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا اور لاکھوں روپئے نقد رقم برآمد کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ پون کمار شرما اور اس کا ساتھی 26 سالہ ہنس راج جن کا تعلق بیکانیر راجستھان سے ہے 29لاکھ 35 ہزار نقد رقم آج منتقل کررہے تھے کہ ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد غیر قانونی رقم کی منتقلی کے کاروبار میں ملوث ہیں اور وہ ممبئی کے ساکن انکیش سے ربط میں تھے۔ پولیس نے رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا ۔ ایک اور کارروائی میں شاہ عنایت گنج پولیس نے 11 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی۔ بیگم بازار میں گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دوران دو مختلف افراد کے قبضہ سے 4 لاکھ 80 ہزار اور 6 لاکھ 34 ہزار برآمد کرلئے۔ ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا گیا۔