غیرموسمی بارش سے کھڑی فصلیں تباہ

سانگلی (مہاراشٹرا ) ۔ 5 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )مہاراشٹرا کے کئی حصوں میں بے موسم کی بارش اور ژالہ باری سے اناج ، انگور اور ترکاریوں کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ اتوار کے روز سانگلی کے علاوہ کولہا پور میں بھی ژالہ باری کے ساتھ شدید بارش ہوئی ۔ دریں اثناء سانگلی کے ڈسٹرکٹ کلکٹر دیندر سنگھ کشواہا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 1500 ہیکٹر کے رقبہ پر انگور کی فصل اور 300 ہیکٹر کے رقبہ پر دیگر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ یاد رہے کہ سانگلی ایک ایسا مقام ہے جہاں ایکسپورٹ کوالٹی انگور کی کاشت کی جاتی ہے ۔ کلکٹر نے تمام ’’گلاٹھیوں‘‘ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھیتوں پر جاکر از خود معائنہ کریں اور انھیں رپورٹ پیش کریں جبکہ ایک ابتدائی رپورٹ پہلے ہی ریاستی حکومت کو روانہ کی جاچکی ہے۔

منیش تیواری سے امریکی سفیر کی ملاقات
نئی دہلی ۔ 5 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفیر برائے ہند نینسی پاول نے آج وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ہند ۔امریکی تعلقات کے علاوہ مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پاول کے ہمراہ امریکی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ برائے ساؤتھ ایشیاء نشا بسوال بھی تھیں۔