غیرمحسوبہ اثاثہ جات : جیہ للیتا کی درخواست خارج

نئی دہلی ۔ 17 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج وزیراعلیٰ تملناڈو جیہ للیتا کے خلاف غیرقانونی اثاثہ جات معاملہ میں مقدمہ چلائے جانے پر التواء کو خارج کردیا ۔ جسٹس وکرم جیت سین اور ایس کے سنگھ پر مشتمل ایک بنچ نے جیہ للیتا کی جانب سے داخل کردہ ایک عرضداشت کو خارج کردیا جس میں انھوں نے خواہش کی تھی کہ اُن کے مقدمہ کی سماعت کو اُس وقت تک زیرالتواء رکھا جائے جب تک ایک کمپنی کی جانب سے ایک زیریں عدالت میں داخل کی گئی درخواست پر فیصلہ سنایا نہیں جاتا جہاں کمپنی نے یہ ادعا کیا تھا کہ ایسی کچھ املاک جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ وہ جیہ للیتا کی ملکیت ہیں ، وہ دراصل اُس کی ( کمپنی ) ملکیت ہیں۔ اس موقع پر فاضل عدالت نے اپنے قبل ازیں دیئے گئے حکمنامہ کا حوالہ دیا جس میں جیہ للیتا کے خلاف مقدمہ کو زیرالتواء رکھا گیا تھا ۔ یاد رہیکہ 2003 ء میں غیرقانونی اثاثہ جات معاملہ کی سماعت کو بنگلور منتقل کردیا گیا تھا کیونکہ عدالت میں اُس وقت ایک درخواست کا ادخال عمل میں آیا تھا کہ جیہ للیتا کی بحیثیت وزیراعلیٰ (اُس وقت بھی جیہ للیتا برسراقتدار تھیں) میعاد کی تکمیل تک چینائی کی کسی بھی عدالت میں مقدمہ کی سماعت شفاف اور غیرجانبدارانہ نہیں ہوسکتی ۔ جیہ للیتا کے علاوہ وی کے ششی کلا ، وی ایم سدھاکرن اور جے الیاراسی کو بھی اس معاملہ میں مقدمہ کا سامنا ہے ۔