غیرقانونی بینک اکاؤنٹس ختم کرنے کی ضرورت : جاؤدیکر

نئی دہلی۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)کالا دھن کے خلاف مباحث کے دوران مرکزی وزیر پرکاش جاؤدیکر نے آج کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی بھی غیرقانونی بینک اکاؤنٹ کا وجود باقی نہ رہے ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کام موجودہ حکومت کے تحت ہی انجام دیا جائے گا۔ جاؤدیکر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے یہ یقین ظاہر کیا کہ ہم کالا دھن کے خلاف لڑائی میں کامیاب ہوں گے اور ہم بیرونی ملکوں سے تمام غیرقانونی رقومات واپس لانے کیلئے ممکنہ اقدامات اور کوشش جاری رکھیں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات و ماحولیات کا یہ بیان وزیراعظم کے اس بیان کے ایک دن بعد آیا ہے جس میں مودی نے وعدہ کیا ہے کہ بیرونی ملکوں میں موجود کالا دھن کا ایک ایک روپیہ واپس ہندوستان لایا جائے گا۔