دمشق ،یکم مارچ (سیاست ڈا ٹ کام) شام کے علاقے غوطہ میں 10روز میں مہلوکین کی تعداد600 تک پہنچ گئی ۔غوطہ میں جنگ بندی کے با وجود شہریوں کا انخلا نہ ہو سکا ۔ اقوام متحدہ نے 5 گھنٹے کی جنگ بندی ناکافی قرار دے دی۔یوروپی یونین نے روس، ایران اور ترکی سے شام میں 30 دن کی جنگ بندی کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ شام نے کیمیائی حملوں کے الزام کو جھوٹ قرار دے دیا ۔ روس نے بھی حکومتی فورسز کی جانب سے کلورین گیس کے استعمال کی تردید کردی۔برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہناہے کہ چہارشنبہ کو جنگ بندی کے پانچ گھنٹوں کے دوران فضائی حملے بند رہے ، پھر بھی غوطہ کے باہر انخلا مرکز پر ایمبولینس اور گاڑیاں لوگوں کا انتظار ہی کرتی رہیں، امدادی سامان بھی محصورین تک نہ پہنچایا جاسکا۔اقوام متحدہ کے نائب سیکریٹری جنرل کا کہناہے کہ امدادی ادارے تیار ہیں لیکن پانچ گھنٹوں میں یہ سب ناممکن ہے ، روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے باغیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگ بندی کے وقفے میں شہریوں کے نکلنے اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔مشرقی غوطہ میں خوراک کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ ہو گیا ہے ۔شام نے کیمیائی حملوں کے الزام کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس کے پاس کیمیائی ہتھیار نہیں رہے ، روس نے حکومتی فورسز کی جانب سے کلورین گیس کے استعمال کی تردید کی ہے ۔