سینئر لیڈر کو ریاست میںانتخابی ذمہ داری دیئے جانے کا امکان
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کیلئے ٹربل شوٹر تصور کئے جانے والے سینئر قائد غلام نبی آزاد 19 ستمبر کو حیدرآباد کے دورے پر پہونچ رہے ہیں جس کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ غلام نبی آزاد، گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں جو بدعنوانیاں ہوئی ہیں اس کو آشکار کریں گے۔ بعدازاں پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے میں اہم رول ادا کرنے والے غلام نبی آزاد کو کانگریس ہائی کمان تلنگانہ کے انتخابات میں اہم ذمہ داری دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ پارٹی کے قائدین کا احساس ہے کہ غلام نبی آزاد تلگو ریاستوں کی سیاست سے نہ صرف اچھی طرح واقف ہیں بلکہ قائدین سے بھی ان کے بہتر تعلقات ہیں اور عوامی نبض سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس کو کامیاب بنانے کے لئے غلام نبی آزاد پارٹی کے لئے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین اور پارٹی کارکنوں کو غلام نبی آزاد پر مکمل بھروسہ ہے۔ اس لئے کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں غلام نبی آزاد کی خدمات سے استفادہ کرنے پر غور کررہی ہے۔