غزہ کے شہریوں نے بیخوف نماز جمعہ ادا کی

غزہ ۔ 16 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) غزہ میں فلسطینی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پانچ روزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ صیہونی افواج نے خان یونس کے علاقے میں گھروں پر سرحد پار سے فائرنگ کی ہے۔ اسرائیل نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب ایک ماہ سے زائد عرصہ گذرنے کے بعد اسرائیلی حملوں میں وقفوں کے بعد گذشتہ روز غزہ کے رہائشیوں نے بلا خوف و خطر نماز جمعہ ادا کی۔ کئی علاقوں میں شہید ہونے والی مساجد کے ملبے پر نماز ادا کی گئی۔ ادھر غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان مصر کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز اتوار سے ہوگا۔ تاہم تل ابیب میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے روکنے پر انتہا پسند صیہونی شہریوں نے اسرائیلی حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کے بند کمرہ اجلاس میں حماس سے معاہدے پر بحث کی گئی۔ اجلاس میں موجود ایک عہدیدار نے بتایا کہ کابینہ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جنگ بندی کے حتمی معاہدے میں اسرائیلی سکیورٹی کو مقدم رکھا جائے۔

قاہرہ مذاکرات کے احیاء کیلئے اسرائیل ۔ فلسطین تیار
غزہ سٹی 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل اور فلسطین کے مذاکرات کا قاہرہ میں بالراست مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ پیر کے دن نصف شب سے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کا موجودہ مرحلہ ختم ہورہا ہے اِس لئے دونوں ممالک مشترکہ جنگ بندی کے لئے مصر کی ثالثی کے تحت مذاکرات کرنے تیار ہیں۔ مصر کی حکومت نے گزشتہ چہارشنبہ کو دونوں ملکوں کو ترغیب دی تھی کہ پانچ روزہ جنگ بندی سے اتفاق کریں۔ اِس میں مزید تین دن کی توسیع دی گئی تھی۔