یروشلم ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت فلسطین نے 12 اکٹوبر کو عطیہ دہندگان کانفرنس کے سلسلہ میں غزہ کی تعمیر نو منصوبہ کا اعلان کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ جنگ سے متاثرہ اس علاقہ کیلئے 4 بلین ڈالرس کی رقم درکار ہوگی۔ اسرائیل کی فوجی کارروائی اور 50 دن جاری رہی جنگ میں غزہ کا انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوگیا ہے۔ اس لڑائی میں تقریباً 2200 فلسطینی جاں بحق ہوئے جبکہ حماس کے حملوں میں 73 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ قاہرہ میں عطیہ دہندگان کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔ اس ضمن میں آج 76 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ملبہ کی صفائی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ اس کے علاوہ جنگ کے دوران نہ پھٹنے والے شیلس اور میزائیلس کو ناکارہ بنایا جائے گا جن کی تعداد ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 5000 ہے۔