غزہ کی تباہی کے بعد لبنان پر اسرائیل کی نظر

یروشلم ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : غزہ پٹی میں حماس کے خلاف اپنی جارحانہ فوجی کارروائی کے بعد اسرائیل نے لبنان کو تہس نہس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اسرائیلی ڈیفنس فورس ( آئی ڈی ایف ) نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ’ نہایت ہی جارحانہ جنگ ‘ کی تیاری کی ہے ۔ اسرائیلی چیانل رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کا بھی حماس کی طرح حشر کرنے کا منصوبہ رکھنے والے اسرائیل نے لبنان سے متصل سرحد پر اپنی فوج کی مورچہ بندی کردی ہے ۔ اخبار ٹائمز آف اسرائیل میں شائع رپورٹ کے مطابق نئی شروع ہونے والی جنگ مختلف نوعیت کی اور تباہ کن ہوگی ۔ غزہ پر کی گئی بمباری کے برعکس بلکہ اس سے زیادہ خطرناک کارروائی ہوگی ۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 2500 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے ۔ اسرائیلی جارحانہ جنگی تیاری کی یہ خبر ان قیاس آرائیوں کا ردعمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے بڑے پیمانہ پر راکٹس تیار کرلیئے ہیں اس کے پاس زائد از ایک لاکھ راکٹوں کا ذخیرہ ہے ۔

اور 5000 سے زائد طویل فاصلوں پر نشانہ بلگانے والے مزائیلس ہیں ۔ حزب اللہ کے میزائیلس اسرائیل کے کسی بھی حصہ پر ضرب لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ حزب اللہ کے میزائیلس میں بڑے پیمانہ پر وار ہیڈس لے جانے کی بھی صلاحیت ہے ۔ لبنان کی طاقت کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل نے جو تیاری کی ہے وہ آئندہ چند دنوں میں سامنے آئے گی ۔ فی الحال حزب اللہ کے میزائیلس کی صلاحیت کو اسرائیل کے ایرن ڈوم میزائیلس ڈیفنس شیلڈ بھی ناکام نہیں بناسکتے ۔ گذشتہ 3 سال سے حزب اللہ جو شام کے صدر بشار الاسد کا حلیف گروپ ہے شام میں باغی گروپس سے نبرد آزما ہے ۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ غزہ میں حماس کی طرح حزب اللہ نے بھی سرنگیں کھودنا شروع کیا ہے اور اسرائیل ، لبنان سرحد پر یہ سرنگیں اسرائیل کے تنصیبات پر حملوں کی نیت سے کھودی جارہی ہیں ۔۔