غزہ ، 2 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے آج غزہ پٹی میں چار مقامات پر فضائی حملے کئے ، اس کی وجہ سے نقصانات ہوئے لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ فلسطینی شدت پسندوں کے جنوبی اسرائیل میں ایک عمارت پر کئے گئے راکٹ حملے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ۔ سکیورٹی عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ جن چار مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں ایک ورکشاپ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ حماس کے مسلح شعبہ کے دو مقامات اور ایک ملٹری ٹریننگ مقام پر حملہ کیا گیا ۔ ان میں دو مقامات غزہ سٹی میں ہے جبکہ دیگر دو بیت اللہیہ میں واقع ہیں ۔ ان تمام مقامات کو اسرائیل نے اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ راکٹ فائرنگ کے جواب میں حماس کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ پٹی سے داغا گیا راکٹ جنوبی اسرائیلی شہر میں ایک عمارت کو لگا ، اس کی وجہ سے عمارت کو نقصان پہنچا لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی کہ اس راکٹ حملے کے ذریعہ کنڈر گارٹن کو نشانہ بنایا گیا تھا لیکن فوج نے اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی ۔ ڈاکٹرس دو افراد کا جو صدمہ سے دوچار ہوگئے علاج کررہے ہیں۔ غزہ میں کسی بھی گروپ نے اس راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جبکہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں ہبرون شہر کی ناکہ بندی کا اعلان کیا اور ان حملوں کے جواب میں فلسطینی اتھاریٹی کو ماہانہ ٹیکس ادائیگی میں بھی کٹوتی کا اعلان کیا ہے ۔