غزہ پر یو این پیانل میں ہندوستانی عہدہ دار نامزد

اقوام متحدہ ، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ممتاز ہندوستانی عہدیدار کو اقوام متحدہ کے انکوائری پیانل پر نامزد کیا گیا ہے جس کی تشکیل اس عالمی ادارہ کے سربراہ بانکی مون نے غزہ پٹی میں اقوام متحدہ کے مراکز میں ہتھیاروں کی موجودگی اور اس کے مراکز کو اسرائیل اور فلسطینی گروہوں کے درمیان لڑائی کے دوران نقصان کی تحقیقات کیلئے کی ہے۔ کے سی ریڈی جو سابق اقوام متحدہ سلامتی مشیت برائے شام ہیں،انہیں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرس بورڈ آف انکوائری کی جانب سے داخلی اور آزادانہ تحقیقات کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ اس پیانل کی صدارت دی نیدرلینڈز کے پیٹرک کیمیئرٹ کریں گے۔ بان کے لائق ترجمان فرحان حق نے کل یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یو این سکریٹری جنرل کی جانب سے انکوائری بورڈ کی تشکیل کا مقصد بعض واقعات کا جائزہ لینا ہے جو 8 جولائی اور 26 اگست کے درمیان غزہ پٹی میں پیش آئے۔ اس پانچ رکنی بورڈ کے دیگر ارکان ارجنٹینا کی ماریا ویسین۔ ملبرن، امریکہ کے لی او برین اور کینیڈا کے پیئر لیملین ہیں۔ غزہ میں اقوام متحدہ کی پناہ گاہوں پر اسرائیلی حملوں اور حماس کے اسلحے کی موجودگی کی تحقیقات کیلئے ایک پیانل تشکیل دیا گیا ہے۔ اس دوران متعدد ایسے واقعات کی تحقیقات کرائی جائیں گی، جن میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام عمارات پر اموات ہوئیں یا لوگ زخمی ہوئے یا پھر ان مقامات کو نقصان پہنچا ہو۔